لاہور قلندرز کی فتح، بابر اعظم نے خاموشی توڑ دی

February 28, 2022

ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم اور کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے خاموشی توڑتے ہوئے لاہور قلندرز کے پی ایس ایل سیون کا چیمپئن بننے پر انہیں مبارکباد دے دی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پی ایس ایل سیون میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارک ہو لاہور قلندرز، دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم نے لکھا کہ ’شاہین شاہ کی پرفارمنس داد کی مستحق ہے، جبکہ محمد رضوان اور ملتان سلطانز کے ساتھ میری تمام ہمدردیاں ہیں۔‘

کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے پر شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل کے چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔