دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا بڑی رکاوٹ ہے،روس

December 31, 2015

ماسکو....... روس نے امریکا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا خود کو الگ قوم تصور کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ دنیا کے تمام ملکوں پر اپنا کنٹرول قائم کرے لے گا، امریکا کی یہی سوچ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد بھی اسی سوچ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔روسی وزیر خارجہ نے کہاکہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے شام اورعراق میں داعش کے خلاف جنگ کے لیے 2014 میں ایک فوجی اتحاد قائم کیا تھا جس کے بعد سے امریکا شام میں داعش کے خلاف حملوں کے ساتھ ساتھ شامی حکومت کے مسلح مخالفین کی مالی اور عسکری حمایت بھی کر رہا ہے۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکا کی جانب سے شام مخالف مسلح گروہوں کی حمایت کی وجہ سے مشرق وسطی میں دہشت گرد گروہوں کو قدم جمانے کا موقع ملا ہے۔