او آئی سی کانفرنس کی آڑ میں اسپیکر نے آئین شکنی کی، شہباز

March 21, 2022

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ او آئی سی کانفرنس کی آڑ میں اسپیکر نے آئین شکنی کی، 14 دن میں اجلاس نہ بُلا کر آئین سے انحراف کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر کی جانب سے جان بوجھ کر اجلاس نہ بُلاکر کوشش کی گئی کہ اپوزیشن کو ٹریپ کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے اسلامی ملکوں کے مہمانوں کو خوش آمدید کیا، اپنا لانگ مارچ او آئی سی کی کانفرنس کے لیے موخر کیا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تحریک عدم اعتماد سے پہلے سیاسی جلسے روکنے کیلئے سپریم کورٹ بار کی درخواست پر سماعت کررہا ہے، جبکہ جسٹس منیب اختر 2 رکنی بینچ کا حصہ ہیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ارکان کا آئینی حق ہے، عدالت ابھی تک قومی اسمبلی کی کارروائی میں مداخلت پر قائل نہیں ہوئی، بہتر ہوگا کہ اسمبلی کی جنگ اسمبلی کے اندر لڑی جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سپریم کورٹ پہنچے۔

سپریم کورٹ کے باہر رہنماؤں کی آمد کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ خواجہ سعد رفیق، سردار اختر مینگل بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے۔