سندھ ہاؤس اسلام آباد سب جیل قرار

March 31, 2022

محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ ہاؤس اسلام آباد کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو سینٹرل جیل کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سندھ ہاؤس اسلام آباد کے کمرہ نمبر 214 کو سب جیل قرار دیا گیا ہے، نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ آئی جی سندھ سب جیل کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات کریں۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ علی وزیر کو کراچی سیٹرل جیل سے اسلام آباد روانگی کیلئے ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

علی وزیر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کےخلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مزید 3 ارکان قومی اسمبلی بھی سندھ ہاؤس پہنچے تھے جس کے بعد اجلاس میں شریک تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی تعداد 22 ہوگئی۔

منحرف ارکان میں رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ ہاؤس میں مجموعی طور پر 196ارکان قومی اسمبلی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کزن اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف بھی سندھ ہاؤس پہنچے تھے۔