فواد چودھری نے ٹیپو سلطان سے متعلق غلط حقائق پیش کردیئے، ٹوئٹ ڈیلیٹ

May 06, 2022

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج کے دن 1799 میں شیر بنگال ٹیپو سلطان میسور میں اپنے قلعے کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ٹیپو سلطان کی شہادت نے انگریزوں کے لیے ہندوستان کا دروازہ کھول دیا اور پھر غلامی نے ہندوستان کو جکڑ لیا۔ آج بھی ٹیپو سلطان کی تلوار اور لہو سے بھرا لباس گلاسگو کے ساتھ اسٹرلنگ کے قلعے میں رکھے ہیں۔

حقیقت میں ٹیپو سلطان بنگال سے نہیں میسور سے تھے، اور ان کی شہادت سے پہلے انگریز بنگال پر قبضہ کر کے ہندوستان میں اپنے پاؤں جما چکے تھے۔

کچھ لوگوں کی طرف سے غلطی کی نشاندہی کے بعد فواد چودھری نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔