اب میں انڈسٹری میں تنہا نہیں رہی، کنگنا رناوت

May 12, 2022

بالی ووڈ کی متنازع بیانات دینے کے حوالے سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی جانب سے اپنی نئی آنے والی فلم دھکڑ کی پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب میں انڈسٹری میں تنہا نہیں رہی۔

سلمان خان کے اس اقدام پر کنگنا نے کہا کہ سلمان بڑے اور مہربان انسان ہیں اور ان کی جانب سے حوصلہ افزائی پر مشکور ہوں۔

کنگنا نے کہا کہ آئندہ وہ خود کو بالی ووڈ میں تنہا نہیں کہیں گی۔ ماضی میں کنگنا کہہ چکی ہیں کہ وہ خود کو فلم انڈسٹری میں تنہا محسوس کرتی ہیں کیونکہ ان کی حمایت کے لیے زیادہ لوگ کھڑے نہیں ہوتے۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے جمعرات کوفلم دھکڑ کا ٹریلر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن تحریر کیا، ٹیم دھکڑ کو بہت اچھی فلم بنانے پر دلی مبارکباد۔

انہوں نے اس کے ساتھ کنگنا اور شریک اداکار ارجن رامپال کو بھی ٹیگ کیا۔ یہ فلم رازنیش گھئی نے ڈائریکٹ کی ہے۔