رام گوپال ورما کی ’کے جی ایف 2‘ پر تنقید

May 13, 2022

بالی ووڈ کے مشہور ہدایتکار رام گوپال ورما نے ’کے جی ایف چیپٹر 2‘ کو بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے سیاہ بادل قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹکے مطابق رام گوپال ورما نے کہا کہ کے جی ایف وہ سیاہ بادل ہے، جو بھارتی فلم صنعت کی تمام پرانی چیزوں کو نگل رہا ہے۔

بھارتی ہدایت کار نے متعدد ٹوئٹس میں 14 اپریل کو ریلیز ہونے والی پرشانتھ نیل کی ’کے جی ایف 2‘پر تنقید کی، فلم اب تک عالمی سطح پر باکس آفس پر ریکارڈ توڑ رہی ہے۔

کے جی ایف 2 جو پچھلے مہینے ریلیز ہوئی تھی، اُس نے کئی بھارتی فلموں کی ریلیز کے باوجود باکس آفس پر کامیاب چلی آرہی ہے۔

رام گوپال ورما نے اسی تناظر میں جمعرات کو متعدد ٹوئٹس کیں اور بتایا کہ کس طرح کے جی ایف 2 سے دیگر فلموں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میرے خیال میں کے جی ایف 2 ایک بہت بڑا درخت ہے،جس کے سائے میں کوئی درخت نہیں بڑھ رہا ہے۔

بھارتی ہدایتکار نے یہ بھی کہا کہ کے جی ایف 2 بڑے سیاہ بادل کی طرح ہے، جس نے دیگر بڑی فلموں پر اپنا سایہ ڈال دیا، اس بادل کے نیچے دوسرے ستارے اور ہدایتکار ختم ہورہے ہیں۔

رام گوپال ورما نے بالی ووڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری کا موازنہ کیا اور کہا کہ جس طرح ساؤتھ کی فلمیں سینما گھروں میں چل رہی ہیں، ایسا لگتا ہے بالی ووڈ کو جلد ہی صرف ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے فلمیں بنانا پڑیں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پرشانتھ نیل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کے جی ایف کا دوسرے حصے کو فلم بینوں اور ناقدین کی طرف سے زبردست ردعمل مل رہا ہے۔