بورس جانسن کی شمالی آئرلینڈ کیلئے بریگزٹ ختم کرکے نئے قوانین کیلئے تیاریاں

May 19, 2022

راچڈیل(ہارون مرزا) وزیراعظم بورس جانسن نے شمالی آئرلینڈ کے بریگزٹ قوانین کو ختم کرنے کیلئے نئے قوانین کی تیاریاں شروع کر دیں، بریگزٹ کے بعد شمالی آئرلینڈ کے معاملے پر وزراء نے یورپی یونین کے ساتھ اپنے سخت رویئے میں نرمی لانے کا فیصلہ کر لیا۔ سیکرٹری خارجہ لز ٹرس قانون سازی میں اہم پیش رفت سے متعلق اپنی حکمت عملی کا جلد باضابطہ اعلان کریں گی جسے بعد میں بریگزٹ کے بعد تجارتی معاہدے کے کچھ حصوں کو ارکان پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا،دوسری طرف ناقدین نے کہا ہے کہ معاہدے کے کچھ حصوں کو دوبارہ لکھنے کے اقدام سے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی جنگ کا خطرہ سر اٹھا سکتا ہے مگر لزٹرس نئے قانونی مقاصد کے وسیع تر مفادات کا خاکہ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہیں تاہم موسم گرما تک اسے پیش کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ قوانین یورپی یونین کے ساتھ لڑائی کیلئے نہیں بلکہ تعلقات کی بہتری کیلئے ہوں گے۔ مارکس اینڈ اسپنسر کے چیئرمین نے کہا کہ شمالی آئرلینڈ کا پروٹوکول بہت مشکل ہے، اب تک اس کاروبار پرتقریباً 30 ملین پائونڈ لاگت آئی ہے، آرچی نارمن جو سابق ٹوری ایم پی ہیں، نے کہا کہ موجودہ ضروریات کو پورا کرنا بہت بہت مشکل ہے، یہ معاملات اس وقت منظر عام پر آئے ہیں جب وزیراعظم بورس جانسن نے گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے بلفاسٹ کا دورہ کیا جس میں سٹورمونٹ میں ایک نیا ایگزیکٹو بنانے کی کوششوں میں تعطل کو کھولنے کی کوشش کی گئی، ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی انتظامیہ میں شامل ہونے سے انکار کر رہی ہے جب تک کہ انتظامات پر اس کے خدشات کو دور نہیں کیا جاتا، وزیر اعظم نے اس امر پر اصرار کیا ہے کہ وہ شمالی آئرلینڈ کے لیے بریگزٹ کے بعد کے قوانین کو خارج نہیں کرنا چاہتے لیکن انشورنس کے طور پر یورپی یونین کے معاہدے کے کچھ حصوں کو الگ کرنے کے لیے نئی قانون سازی کی ضرورت ہے۔ بلفاسٹ میں شمالی آئرلینڈ کی پانچوں اہم جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد وزیر اعظم شمالی آئرلینڈ پروٹوکول کو ختم کرنے کی فوری دھمکی سے پیچھے ہٹتے نظر آرہے ہیں۔وزیراعظم بورس جانسن نے یہ بھی کہا کہ پروٹوکول کو فکس کیا جا سکتا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسٹورمونٹ کی جن اہم پارٹیوں سے انہوں نے بات کی تھی ان میں سے کوئی بھی بریگزٹ کے بعد کے تجارتی قوانین کے موجودہ نفاذ کی حمایت نہیں کرتی، وہ یورپی یونین کے ساتھ متفقہ طریقے سے پروٹوکول میں اصلاحات کو پسندکریں گے ،سٹورمونٹ کی نو منتخب اسمبلی میں ایم ایل ایز کی اکثریت ان پارٹیوں کی نمائندگی کرتی ہے جو پروٹوکول کو برقرار رکھنے کی حمایت کرتی ہیں ،اکثریتی رائے ہے کہ یہ انتظام خطے کو بریگزٹ کے کچھ منفی معاشی نتائج سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔