پاکستان کرکٹ کیلئے یہ ایک اچھا وقت ہے: ڈیرن گف

May 20, 2022

ڈیرن گف کی جیو نیوز سے گفتگو

لاہور قلندرز کی دعوت پر پاکستان آنے والے انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور یارکشائر کاؤنٹی کے ایم ڈی ڈیرن گف نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بہت اچھا وقت ہے کیونکہ پاکستان ٹیم تینوں فارمیٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھارہی ہے۔

ڈیرن گف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےنوجوان کھلاڑیوں میں ٹیمپرا منٹ ہے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بیٹر نے غیر معمولی بیٹنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں بڑے عظیم بیٹرز تھے، ڈیوڈ بون، مائیکل سلیٹر، ایڈم گلکرسٹ، مارک واہ، سعید انور، عامر سہیل، انضام الحق اور محمد یوسف سب کمال کے تھے، یونس خان بھی زبردست بیٹر تھے۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اب ایک بار پھر ٹیسٹ میں بیٹرز اچھے دکھائی دے رہے ہیں، ان میں ایک بابر اعظم بھی ہیں ،بابر اعظم میں قدرتی ٹیلنٹ ہے، وہ کامیاب بیٹرز میں شامل ہیں، وہ اننگز میں آغاز میں وقت لیتے ہیں لیکن گریٹ فنشر ہیں، بابر اعظم ایک خاص ٹیلنٹ ہیں ، ان کے پاس سب شاٹس ہیں، کچھ ایسے ہی ہمارے جو روٹ ہیں۔

ڈیرن گف پاکستان کے فاسٹ بولرز کے بڑے معترف ہیں ، ان کا کہنا ہےکہ پاکستان نے ہر دور میں اچھے فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں، آج کل شاہین آفریدی، حارث روف اور حسن علی اچھے فاسٹ بولرز ہیں 90 کی دہائی میں وسیم اکرم، وقار یونس اور عاقب جاوید خطرناک بولرز تھے، پاکستان کے بولرز ہمیں جلد آوٹ کر دیتے تھے،101 رنز پر ہماری ایک وکٹ گری ہوتی تھی ہمیں 160 پر آل آوٹ کر دیتے تھے پھر وسیم اور وقار کی طرح میں نے بھی باؤنسرز یارکرز اور سوئنگ کی پریکٹس کی، میں سارا سارا دن ویسی بولنگ کی کوشش کرتا تھا اور پھر میچز میں اسی طرح کرنے کی بھی کوشش کرتا تھا۔

ڈیرن گف نے کہا کہ میری ہمیشہ پاکستان میں اچھی یادیں رہی ہیں ،2000 میں ہم اندھیرے میں ٹیسٹ میچ جیتے ، یہ ہماری ایک بہت اچھی ٹیسٹ ٹیم تھی، میں اس سے اچھی ٹیم کے ساتھ نہیں کھیلا ہم تیاری کے ساتھ پاکستان آئے تھے اس سے قبل ورلڈ کپ 96 کھیلا تب ہاکستان میں اچھا نہ کھیل سکے ، سری لنکا نے ہمیں ناک آوٹ کیا ، پاکستان نے بھی ہمیں ہرایا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک شاندار ملک ہے ، سہولیات اچھی ہیں میزبانی کمال کی ہے، مجھے دکھ ہوتا تھا جب پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی، ٹیمیں یہاں نہیں آتی تھی اب ایک بار پھر کرکٹ ہو رہی ہے، پی ایس ایل میں انگلینڈ کے کئی کھلاڑی کھیلتے ہیں، انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان آنے کے منتظر ہیں ، یہ ایک اچھی سیریز ہوگی۔