عمران امریکا سے عافیہ کو لاتے تو قوم انکے قول کی سچائی پر یقین کرتی، مصطفیٰ کمال

May 21, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئر مین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ تبدیلی اور نئے پاکستان کے بیانیے کی مکمل ناکامی کے بعد امریکا سے آزادی کا شوشہ چھوڑنے والے عمران خان اگر امریکا کے دورے سے واپسی پر امت کی بیٹی عافیہ صدیقی کو ساتھ لاتے تو شاید آج قوم انکے قول کی سچائی پر کچھ یقین کرتی، افغانستان کی جنگ ختم ہوئی تو افغانستان نے اپنے قیدی آزاد کروا لئے، امریکہ نے افغان حکومت سے اپنے قیدی آزاد کروا لیے، نہیں آزاد ہوئی تو امت کی بیٹی عافیہ آزاد نہیں ہوسکی کیونکہ ابسیلوٹلی ناٹ والے عمران خان دورہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعریفیں سمیٹ رہے تھے لیکن ملک کے اندر جس امریکا سے آزادی کا نعرہ مار کے عمران خان قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ اسی امریکا کی مدد سے بھارت نے عمران خان کے دورہ امریکہ کے چند دن بعد کشمیر ہڑپ لیا، کشمیر کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا، دنیا دہل گئی کہ دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے آجائیں گی لیکن عمران خان نے کشمیر پر بھارتی قبضے کا جواب یہ دیا کہ اپنے ہی ملک میں چند جمعے کو آدھے گھنٹے کے لیے ٹریفک روک کر کھڑے ہو گئے، پوری قوم کو کہا تم بھی یہی کرو۔ عمران خان نے ثابت کردیا کہ وہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے کچھ بات کرتے ہیں اور حکومت میں آتے ہی اسکا بالکل الٹ کرتے ہیں، انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی حکومتی عہدے کے لیےذہنی طور پر مس فٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایسٹ سے سیکڑوں خواتین کی پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا باغِ جناح کے خواتین جلسے نے کراچی کی تاریخ تبدیل کردی ہے۔ کراچی کی ماؤں اور بہنوں نے اتنی بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کرکے پاکستان بھر کو جواب دیا ہے کہ کراچی پی ایس پی کیساتھ کھڑا ہے اور اب کراچی دھوکہ نہیں کھائے گا۔