میرے گھر پر پولیس کی 25 موبائلوں نے چھاپا مارا، عالمگیر خان

May 21, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عالمگیر خان کا کہنا ہے کہ میرے گھر پر پولیس کی 25 موبائلوں نےچھاپا مارا، ایسے ریڈ کیا جیسے کسی بڑے دہشت گرد کو پکڑنے آئے ہیں۔

ایک بیان میں عالمگیر خان نے کہا کہ جواز بنایا گیا میں نے ویڈیو بیان میں اداروں کے خلاف بات کی ہے، میں پہلے بھی وضاحت کرچکا ہوں اس ویڈیو کو غلط رنگ دیا گیا۔

عالمگیر خان نے کہا کہ ہم اداروں کی عزت اور احترام کرتے ہیں، یہ امپورٹڈ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہیں، یہ مجھے عمران خان کی سپورٹ سے نہیں روک سکتے، یہ مجھےامپورٹڈ حکومت نا منظور کا نعرہ لگانے سے نہیں روک سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ میں ضمانت کے لیے اپیل دائر کردی ہے، افسوس ناک بات ہے ہم پر غداری کے الزامات لگائےجا رہے ہیں۔