بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوف زدہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

May 23, 2022

فوٹو بشکریہ شہباز شریف انسٹا گرام اکاؤنٹ

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہبھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوف زدہ ہے، حکومت یاسین ملک اور کشمیری قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو ہر فورم پر اٹھائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں اورحریت رہنما یاسین ملک سے متعلق ایک بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کے ناجائز اقدامات کی طرح یاسین ملک کے خلاف مقدمہ بھی غیر قانونی اور ناجائز ہے، بھارت کشمیریوں کی نمائندہ حقیقی قیادت کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے، بھارت کے سیاہ قوانین اور عدالتی نظام عدل کےعالمی و فطری تقاضوں کے منافی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی قوم کو جبر و ریاستی دہشت گردی، سیاہ قوانین اور سزاﺅں سےغلام نہیں بنایا جا سکتا، بھارتی حکومت کےسیاہ قوانین سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کو غلام نہیں بنایا جا سکتا۔

شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ بہادر کشمیریوں کو ان کی بے مثال جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ حل کیا جائے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔