• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کے توہین آمیز بیان پر معافی مانگ لی

اداکار گووندا اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا کے ہمراہ—فائل فوٹو
اداکار گووندا اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا کے ہمراہ—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سینئر اداکار گووندا نے اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا کے توہین آمیز بیان پر معافی مانگ لی، ان کے تبصرے کو تضحیک آمیز قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں سنیتا نے ایک پوڈکاسٹ میں پنڈت مکیش شکلا کے بارے میں نازیبا کلمات کہے تھے، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

گووندا نے اہلیہ کے اس بیان پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے باقاعدہ معافی مانگی ہے اور اپنی اہلیہ کے تبصرے کو تضحیک آمیز قرار دیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا اپنے باہمی تعلقات اور ایک دوسرے سے متعلق تبصروں کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔

گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر میں بھی ایک پنڈت ہیں گووندا کے پنڈت، وہ پوجا کراتے ہیں اور 2 لاکھ روپے لیتے ہیں، میں گووندا سے کہتی ہوں کہ خود دعا کرو، ان کی کروائی گئی پوجا پاٹ کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہی دعائیں قبول ہوں گی جو آپ خود کرتے ہیں، میں ان سب چیزوں پر یقین نہیں رکھتی، اگر میں کوئی عطیہ کرتی ہوں یا کوئی اچھا کام کرتی ہوں، تو میں اسے اپنے ہاتھ سے اپنے لیے کرتی ہوں۔

اپنی اہلیہ کے اس بیان کے جواب میں آج جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں گووندا نے کہاکہ میں برسوں سے پنڈت مکیش شکلا جی سے مشورہ کرتا آیا ہوں اور اُن کا بے حد احترام کرتا ہوں، اُن کے والد بھی ہمارے خاندانی پنڈت تھے، میری اہلیہ نے پوڈکاسٹ میں پنڈت مکیش شکلا کے خلاف تضحیک آمیز ریمارکس دیے ہیں، میں ان کی مذمت کرتا ہوں، میری تہہ دل سے معافی قبول کریں۔

واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987ء میں ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے بیٹا یش وردھن اور بیٹی ٹینا آہوجا ہیں، یہ جوڑا اکثر طلاق کی افواہوں کا شکار ہوتا رہتا ہے، جنہیں وہ باقاعدگی سے رد کرتے رہتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید