مقبوضہ کشمیر، بھارتی بربریت کی انتہا، 3 روز میں 10 نوجوان شہید

May 28, 2022

سرینگر (جنگ نیوز )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے اس طرح 3دن میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10ہوگئی۔بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چہار دیواری کا تقدس پامال کیا، مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپور احتجاج بھی کیا گیا ، سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران وادی میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بھی بند رکھا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سری نگر اور پلوامہ میں سرچ آپریشن کے بہانے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی اور بزرگوں بچوں کو ہراساں کیا۔سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے سری نگر میں ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ اسی طرح ضلع پلوامہ میں بھی بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔اس طرح جمعے کو 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا ، تین روز کے دوران بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 10 فراد کو نشانہ بنایا ہے۔