3 ارب سے زائد کی جعلی پنشن اسکینڈل کا کیس سماعت کے لیے منظور

May 28, 2022

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر کیا گیا 3 ارب سے زائد کی جعلی پنشن اسکینڈل کا کیس احتساب عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

نیب نے ڈسٹرکٹ اکاؤئنٹس آفس حیدرآباد میں 3 ارب 20 کروڑ روپےکی کرپشن کا ریفرنس دائر کیا، جسے احتساب عدالت نے 84 ملزمان کے خلاف سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

نیب ریفرنس میں سابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران، محکمہ خزانہ، بینک افسران و دیگر نامزد ہیں، ملزم اعجاز علی نے جعلی ناموں سے دیگر افسران سے مل کر جعلی پنشن بل بنائے۔

ریفرنس کے مطابق محکمہ صحت حیدر آباد کےجونیئر کلرک اعجاز ڈاوچ کے نام پر44 سے زائد پراپرٹیز ہیں، 137 سے زائد اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا جن سے ایک ارب 20 کروڑ سے زائد کی رقم ملی ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ ملزم ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مشتاق شیخ سے 5434 سے زائد جعلی پنشن بلز برآمد ہوئے۔

ملزمان پر منی لانڈرنگ، اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت متعدد الزامات ہیں، عدالت نے ریفرنس پر سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سماعت31 مئی تک ملتوی کر دی۔