پی ٹی آئی بات کررہی ہے اور مکر بھی رہی ہے، طلال چوہدری

April 26, 2024

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی آئی بات چیت کر بھی رہی ہے اور مکر بھی رہی ہے۔

جیو نیو ز کے پروگرام نیاپاکستان میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے این آر او کا نام مذاکرات رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو این آر او مل جائے تو یہ اسی قیادت کے قصیدے پڑھنا شروع ہوجائیں گے ۔

ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ یہ بات چیت کر بھی رہے ہیں اور مُکر بھی رہے ہیں، حکومت کا موقف ہے کہ یہ 190 ملین دے دیں، فوراً معافی ہوجائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو یہ فوراً این آر او کی بات شروع کردیتے ہیں، اسمبلی کے بزنس چلانے سے لے کر یہاں بہت سے مسائل ہیں۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ حکومت فیصلہ کرے گی تو کوئی بھی بندا یا ادارہ بات کرے گا، یہ چاہ رہے ہیں 190ملین ہم کھا چکے، توشہ خانہ ہوگیا، 9 مئی ہوگیا اب معاف کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کو این آر او دے دیا جائے تویہ اسی قیادت کے قصیدے پڑھیں گے، ہم جو کہتے تھے ہم اس پر کھڑے رہے ہیں۔

ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ ملکی اور قومی مفادات کے معاملات پر مذاکرات کا فیصلہ ہم نے کیا ہے، یہ قوم کا مینڈیٹ لیکر بھی ڈیل کرنے کی بات کررہے ہیں، یہ مینڈیٹ کی توہین ہے۔