روس اعلیٰ ساخت کے میزائلوں کا 60 فیصد استعمال کرچکا، یوکرینی وزارت دفاع

May 28, 2022

یوکرینی وزارت دفاع کے افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اعلیٰ ساخت کے 60 فیصد میزائل استعمال کرچکا ہے۔

یوکرینی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے اعلیٰ افسر نے مزید کہا کہ روس سوویت یونین کی طرح اسلحہ ذخائر میں تیزی کے ساتھ اضافہ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا۔

قبل ازیں، یوکرینی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے کہا تھا کہ روس کے پاس اعلیٰ ساخت کے میزائل تیار کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روس پر معاشی پابندیوں سمیت بیرون ملک سے درآمد کردہ پُرزوں اور دھاتوں کو اسلحہ سازی میں استعمال کرنے کی پابندی ہے۔

یوکرین کے انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ عالمی پابندیوں کی وجہ سے روس کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، ٹینک اور بحری جہازوں کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جان کربی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ماریوپول میں روس پہلے اعلیٰ ساخت کے میزائل استعمال کرتا رہا، بعد ازاں اس نے ایسے احمقانہ انداز میں بم پھینکے جو ہدف تک نہیں پہنچے۔

یوکرینی جنرل نے دعویٰ کیا کہ روس نے ہمارے خلاف اعلیٰ ساخت کے کروز میزائل جنگ کے ابتدائی 20 دنوں میں ہی استعمال کرلیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی روس میزائل اور بم حملے کر رہا ہے جو کہ رہائشی علاقوں اور شہری انفراسٹرکچر کو تباہ کر رہے ہیں۔