اسلام آباد ہائیکورٹ، ایمان مزاری کی عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع

June 09, 2022

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کی عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع کردی۔

ایمان مزاری پر اداروں کے خلاف بیانات دینے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کو جواب دیکھ کر آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے اور کیس کی مزید سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔

دوران سماعت وفاق نے ایمان مزاری کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ کیا آپ نے اس عدالت کا آخری آرڈر دیکھا ہے؟ اس کے بعد کیا رہ جاتا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پٹیشنر نے جو بیان دیا ہے اس کے بعد کیا رہ جاتا ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ معذرت کا جو جواز دیا گیا وہ فائل میں ریکارڈ کے مطابق درست نہیں، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ عدالت کا گزشتہ سماعت کا آرڈر بھی دیکھ لیں۔