سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریاں زور و شور سے جاری

June 28, 2022

فوٹو بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے کیمپ میں کھلاڑیوں نے دو روزہ سینیریو میچ کھیلا، بابر اعظم نے سنچری بنائی، فواد عالم اور امام الحق نے بھی ففٹی اسکور کی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا دو روزہ سینیریو میچ اختتام پذیر ہو گیا، میچ میں کپتان بابر اعظم نے 134 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

دیگر بیٹرز میں سرفراز احمد 41، سلمان علی آغا 48، فواد عالم 75 اور امام الحق 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

محمد نواز نے 30، حسن علی نے 31 اور عبداللّٰہ شفیق نے 20 رنز اسکور کیے۔

بولنگ میں بابر اعظم، مبصرخان اور حارث رؤف نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔