آرمی چیف کی قطر میں اہم ملاقاتیں، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

June 30, 2022

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے سرکاری دورے کے دوران امیر قطر اور نائب وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے امیر، نائب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔

اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی ماحول، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک قطر دوستانہ تعلقات بھائی چارے کے گہرے جذبے کی عظیم تاریخ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک قطر تعلقات ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قطر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔

قطر کے رہنماؤں اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔