سندھ اسمبلی، سرکاری دفاتر اور شادی ہالز میں ماسک لازمی قرار

July 02, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور محکمہ صحت کے پارلیمانی سکریٹری سراج قاسم سومرو نے کہاہے کہ سندھ حکومت نے تمام سرکاری دفاتر میں ماسک لازمی قرار دیا ہے۔

شادی ہال میں بھی ماسک لازمی ہے۔ کورونا کے دوران بروقت فیصلوں سے نتائج ملے اور کورونا کے کیسز کو روکا گیا ۔اس وقت دوبارہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے ۔

سندھ اسمبلی میں کورونا صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں نئے کیسز سامنے آنے سے دوبارہ ماسک لازمی قرار دیا ہے۔

تمام اراکین سندھ اسمبلی سے درخواست ہے کہ ماسک لازمی پہنیں اور عوام کو بھی ماسک کے استعمال کی ترغیب دی جائے۔

پارلیمانی سیکرٹری قاسم سومرونے کہا کہ ہم ایئر پورٹ اور دیگر جگہوں پر ٹیسٹ کررہے ہیں ہمارے ملک میں سب ویرینٹ آیا ہے۔

28فیصد بوسٹر شاٹ لگا چکے ہیں۔اس پر اسٹڈی ہورہی ہے کہ یہ ہرسال لگے گا یا نہیں۔

سندھ کے تمام لوگوں سے اپیل ہےویکسین کے تمام سینٹر کھلے ہوئے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ویرینٹ کراچی میں بھی پھیل رہا ہے اس لئے اب دوبارہ ماسک کو لازمی قرار دے رہے ہیں۔