دو سال میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، سلیکشن کا دباؤ نہیں لیتا، شان مسعود

July 02, 2022

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، سلیکشن کا دباؤ نہیں لیتا۔

برطانیہ میں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف شان مسعود نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کبھی خود کو بطور پلیئر کسی ایک فارمیٹ یا پوزیشن پر محدود نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹاپ آرڈر میں کوالٹی کے بیٹرز ہیں، ملک کے لیے کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنے کو تیار ہوں۔

پاکستانی بیٹر نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، سلیکشن کا دباؤ نہیں لیتا، ہر میچ میں خود کو جج کرتا ہوں، اگلے میچ میں بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ریکارڈز کا نہیں سوچتا، میرے لیے تسلسل کے ساتھ کھیلنا اہم ہے، ریکارڈ تو خود ہی بن جاتے ہیں۔

شان مسعود نے یہ بھی کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیل کر وائٹ بال کرکٹ کافی سیکھنے کو ملی۔