پاکستان سیکرٹریٹ کے ملازمین کیلئے کابینہ سے منظور شدہ ایگزیکٹو الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

July 03, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا لیکن پاکستان سیکرٹریٹ کے ملازمین کے لیے کابینہ کی جانب سے منظور شدہ ایگزیکٹو الاؤنس کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے بنیادی تنخواہ کے 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی اور اعلیٰ بیوروکریٹس نے یہ کہہ کر اسے درست قرار دیا کہ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ وفاقی سیکرٹریٹ کے افسران کو تمام صوبوں کے مقابلے بہت کم مل رہے ہیں لہٰذا وفاقی وزارتوں میں پاک سیکرٹریٹ میں ڈپٹی سیکرٹری سے ایڈیشنل سیکرٹری کی سطح کے افسران وفاقی سطح پر خدمات انجام دینے کے لیے تیار نہیں چونکہ تنخواہ کو معمولی کہا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وزارت خزانہ اس پر کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ تاہم سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کچھ وضاحت جاری کرنے پر کام کر رہی ہے جس کے بعد اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔