خالد مقبول کی پیشکش پر فاروق ستار کا مثبت جواب،ساتھیوں سمیت ایم کیو ایم میں شمولیت

July 03, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول کی پیش کش کا مثبت جواب دیتے ہوئے تنظیم میں بعض اصلاحات کرنے پر بھی زور دیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے والے افراد پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی تجویز دیتے ہوئے پارٹی میں ساتھیوں سمیت شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ انہیں این اے245 کے ضمنی انتخاب میں الیکشن لڑنے کا شوق نہیں ،ایم کیو ایم کسی کو بھی ٹکٹ دے وہ اس کی حمایت کریں گے، تاہم ایم کیو ایم نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار اس نشست پر ایم کیو ایم کے امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیں، دوسری جانب ڈاکٹر فاروق ستار کا موقف ہے کہ ایم کیو ایم ہی ان کی اصل جماعت ہے، میری کوشش ہوگی کہ ایم کیو ایم کے ووٹرز کو متحد کیا جائے،تنظیم میں موجود خرابیوں کو دور کیا جائے۔