لوٹن کا بارن فیلڈ ایریا گھر خریدنے کیلئے مہنگا ترین تھا

July 04, 2022

لوٹن ( شہزاد علی/اسرار راجہ) لندن کے مضافات میں واقع لوٹن ٹاؤن کے بیش قیمت اور ارزاں قیمت کے وارڈز کے اعداد و شمار مقامی اخبار نے شائع کیے ہیں۔ لوٹن کی بارن فیلڈ وارڈ کا ایریا دفتر برائے قومی شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق لوٹن کے 19کونسل وارڈز میں سے گذشتہ سال گھر خریدنے کے لیے سب سے مہنگا علاقہ تھا جہاں پر مکانات کی اوسط قیمت367500 پونڈ تھی، درجہ بندی کے اعتبار سے ایکنیلڈ دوسرا سب سے مہنگا علاقہ تھا جہاں پر مکانات کی اوسط قیمت 340000 تھی، تیسرا سب سے مہنگا علاقہ برامنگھم تھا جس کے مکانات کی اوسط قیمت 325000 پونڈ تھی، دوسری جانب ارزاں اور سستے مکانات ہائی ٹاؤن میں نوٹ کیے گئے جہاں پر اوسطا قیمت £215,000 تھی، یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ جہاں گزشتہ سال کے عرصہ میں گھر خریدنے کے لیے لوٹن کے سب سے مہنگے اور سستے علاقوں کا علم ہوا وہیں ساتھ ہی اس رجحان پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ ان علاقوں میں مکانات کی فروخت میں تیزی آئی ہے، لوٹن میں فروخت ہونے والے گھروں کی تعداد دو سال قبل یعنی 2020 میں 1600 تھی جو پچھلے سال 2021 میں بڑھ کر 2154 ہو گئی ، تاہم سنٹر فار اکنامکس اینڈ بزنس ریسرچ نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وبائی امراض کے دوران نمایاں نمو کے بعد یہ امید ہے کہ رہن کی شرح میں تیزی سے اضافے کے نتیجے میں اگلے سال مکانات کی قیمتیں نیچے کی طرف دباؤ کا شکار ہوں گی جب کہ عمومی طور پر انگلینڈ میں رہائشی املاک کی فروخت کی تعداد 2020کے آخر اور پچھلے سال کے آخر کے درمیان 21فیصد بڑھ کر 821407 ہو گئی۔ساتھ ہی ساتھ آنے والے دنوں میں ایسے علاقوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جہاں فروخت میں تیزی آسکتی ہے۔ سروے میں “میڈین “کا مقصد سیریز میں درمیانی نمبر کے طور پر لیا گیا ہے یہ طریقہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا تاکہ اعداد و شمار انتہائی بلند اور پست درجے کے اعداد متزلزل نہ ہوں۔ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ لوٹن میں فروخت ہونے والے گھروں کی تعداد 2020میں 1600سے بڑھ کر گزشتہ سال 2154 ہو گئی۔