شندور سے واپس جانے والے تمام سیاحوں کی گاڑیوں کو نکال لیا گیا

July 04, 2022

لینڈ سلائیڈنگ کے بعد گلگت چترال روڈ کو بحال کرکے شندور سے واپس جانے والے تمام سیاحوں کی گاڑیوں کو نکال لیا گیا۔

گزشتہ روز گلگت چترال روڈ پر واقع ہرچن اورشاہی داس کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ سے بند روڈ کو عارضی طود پر بحال کردیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، شمال مشرقی بلوچستان میں تیز بارش سے سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، پشین، خانوزئی، بوستان، ژوب، فورٹ منرو، کوہ سلیمان میں گرج چمک کے ساتھ بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ڈیرہ بگٹی، کوہلو، صحبت پور، بارکھان اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان میں تیز بارش سے سیلابی صورتحال بن سکتی ہے، بیلہ، اوتھل، کنراج، نصیرآباد، جعفرآباد شہر اور گرد و نواح میں بھی بادل جم کر برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، ٹھٹھہ، سجاول سانگھڑ سمیت دیگر شہروں میں بارش سے کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حَبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بارش سے بیشتر شہروں میں بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

مظفرآباد کی تحصیل نصیر آباد کے علاقے جھینگ بہک کے مقام پر آسمانی بجلی گرنے سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ایک مکان مکمل تباہ ہوگیا۔ واقعے میں ایک بچی جاں بحق، 4 افراد زخمی جبکہ 10مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔