FIA نئے تفتیشی قوانین کا مسودہ منظوری کے لیے تیار

July 05, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے میں انکوائریز اور انوسٹی گیشن کے حوالے سے 2022ء کا مجوزہ ڈرافٹ منظوری کیلئے تیار کرلیا گیا ہے۔ ڈرافٹ کی ترامیم میں سب سے اہم فیصلہ یہ ہے کہ دوسرے اداروں سے ایف آئی اے میں ڈیپیوٹیشن پر آئے ہوئے ایکسپرٹ انکوائری یا تحقیقاتی افسر نامزد نہیں کیے جاسکیں گے۔ ان سے صرف تحقیقاتمیں ان کی ماہرانہ رائے لی جائے گی۔ ڈائریکٹر لاء پالیسی اینڈ کوآرڈی نیشن ایف آئی اے عبدالرحمن خان آفریدی نے ملک بھر کے ڈائریکٹرز کو اس حوالے سے مراسلے بھیجے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ اپنے ماتحت سرکل انچارجز سے مشاورت کرکے اس ڈرافٹ پر اپنی رائے بھجوا دیں۔ تفصیلات کے مطابق نئے قوانین کے ڈرافٹ کے حوالے سے ایک میٹنگ 29 جون کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اکنامک کرائم ونگ نے کی۔ میٹنگ میں مختلف شعبوں کے 12اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ سفارش کی گئی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل یا کسی بھی صوبے کے انسپکٹر جنرل اف پولیس کی ہدایت پر دوران تفتیش کسی بھی مبینہ ملزم کا نام پرویژنل نیشنل آئی ڈینٹی فکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) پر 30یوم تک ڈالا جاسکتا ہے۔ ادارے کے انکوائریز اور انوسٹی گیشن رولز 2002 منسوخ کردیئے جائیں گے۔