مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ سنبھالنا اسٹیٹ بینک کی ذمہ داری ہے، شوکت ترین

July 28, 2022

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ سنبھالنا اسٹیٹ بینک کی ذمہ داری ہے۔

اپنے بیان میں شوکت ترین نے کہا کہ یہاں تو کوئی گورنر ہی نہیں ہے، مارکیٹ بار بار کہہ رہی ہے کہ کوئی مستقل گورنر اسٹیٹ بینک لگایا جائے۔

شوکت ترین نے کہا کہ مارکیٹ میں ڈالر نہیں آ رہا، جب ڈالر نہیں آئے گا تو روپیہ تو گرے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام نے امریکی ڈالر کو آسمان پر پہنچا دیا ہے، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 239 روپے 94 پیسے ہے۔

انٹر بینک میں آج ڈالر کا بھاؤ 3 روپے 92 پیسے بڑھا ہے جبکہ جولائی کے پورے مہینے میں ڈالر 35 روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہو کر 244 روپے کا ہو چکا ہے۔