ٹیکس فراڈ کیس: گلوکارہ شکیرا کو 8 سال قید کی سزا دینے کا مطالبہ

July 29, 2022

فائل فوٹو

اسپین کے پراسیکیوٹرز نے ٹیکس فراڈ کے الزام میں کولمبیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شکیرا کو 8 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ پرسال 2012ء سے 2014ء کے درمیان کمائی جانے والی آمدنی پر 14.5 ملین یورو ٹیکس کی عدم ادائیگی کا الزام عائد ہے۔

بارسلونا میں استغاثہ نے کہا کہ وہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار شکیرا کے خلاف 8 سال سے زائد قید کی سزا کا مطالبہ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کو اب مقدمے کی سماعت کے بارے میں فیصلہ کرنے اور تاریخ مقرر کرنے کی ضرورت ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مئی میںشکیرا کی ٹیکس فراڈ کا مقدمہ ختم کرنے کی اپیل مسترد ہوگئی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں جاری ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں عدالت نے اپنا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا تھا کہ کافی شواہد موجود ہیں، جس کی بنیاد پر شکیرا کے خلاف جاری مقدمہ خارج نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب گلوکارہ شکیرا نے بھی اپنے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔