نوعمر لڑکوں نے اژدھے کے قبضے سے کتے کو بچا لیا

August 07, 2022

—اسکرین گریب

تین نو عُمر لڑکوں نے اژدھے کے قبضے سے اپنے پالتو کتے کو بچا لیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

لوگ اپنے پالتو جانوروں کے لیے اپنی جان تک خطرے میں ڈال دیتے ہیں، جس کی نئی مثال سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی حالیہ ویڈیو ہے جس میں نو عمر لڑکوں نے اپنے پالتو کتے کے لیے اپنی جان بھی خطرے میں ڈال دی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا کلپ خوفناک ہے لیکن اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 نوعمر لڑکوں نے اپنے پالتو کتے کو بچانے کے لیے ایک بڑے اژدھے کا مقابلہ کیا۔

اژدھے نے خود کو پالتو کتے کے جسم کے گرد لپیٹ رکھا تھا، لڑکوں نے اژدھے کو بھگانے کے لیے پہلے لاٹھی کا استعمال کیا اور پھر اسے سر سے پکڑ لیا۔

تھوڑی دیر کی جدوجہد کے بعد بالآخر وہ کتے کو اژدھے کی گرفت سے آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئے۔

ویڈیو میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کہاں پیش آیا ہے۔

انسٹا گرام پر موجود اس ویڈیو کو اب تک 1 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔