ایشیا کپ: ہانگ کانگ کو شکست دے کر بھارت بھی سپر فور میں پہنچ گیا

August 31, 2022

فوٹو بشکریہ آئی سی سی

ایشیا کپ 2022 میں گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو باآسانی 40 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بھارت کی جانب سے دیے گئے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز ہی بناسکی۔

ہانگ کانگ کی جانب سے بابر حیات 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں کنشت شاہ نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ذیشان علی 26 اور اسکاٹ میک کیشین 16 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، رویندرا جڈیجا اور اویش خان ایک، ایک وکٹ لی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

بھارت کے روہیت شرما نے 21 رنز جبکہ کے ایل راہول نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

دو وکٹیں گنوانے کے بعد ہانگ کانگ کے بولرز بھارت کے کسی بھی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کرسکے، جہاں ویرات کوہلی نے 59 اور سوریا کمار یادو نے صرف 26 گیندوں پر 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بناڈالے۔

خیال رہے کہ اس گروپ کا اگلا میچ 2 ستمبر کو پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا جہاں فاتح ٹیم بھارت کے ساتھ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرجائے گی۔

خیال رہے کہ اس میچ سے قبل گروپ میں ایک فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم سرفہرست ہی تھی جبکہ ہانگ کانگ اپنا پہلا میچ کھیلا۔

ٹاس کے موقع پر ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان کا کہنا تھا کہ عمان کے اندر ہم اچھے چیزرز ثابت ہوئے تھے اور آج بھی یہی کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ ایونٹ میں بھارت کے ساتھ اپنے میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایونٹ میں بھی بھارت کے خلاف میچ اچھا میچ تھا اور ہم وہی دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں۔ گزشتہ میچ میں غلطیاں کیں، لیکن آج بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہیت شرما کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے گیند بازی کرتے، میرا ماننا ہے کہ یہ اچھی وکٹ ہے اور ہمیں اچھا اسکور کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم حریف ٹیم کو دیکھنا نہیں چاہتے، اپنی مثبت کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

روہیت شرما نے بتایا کہ آج کے میچ میں ہاردیک پانڈیا کو آرام کروا کے ان کی جگہ پر ریشبھ پنت کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ہانگ کانگ کی ٹیم کپتان نزاکت خان، بابر حیات، یاسین مرتضیٰ، کنچت شاہ، اسکاٹ میک کیشین، ہارون ارشد، عزیز خان، ذیشان علی، احسان خان، ایوش شکلا اور محمد غضنفر پر مشتمل تھی۔

روہیت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سریا کمار یادو، ریشبھ پنت، رویندرا جڈیجا، دنیش کارتھک، بھونیشور کمار، اویشن خان، یوزویندرا چہل اور ارشدیپ سنگھ کے ساتھ میدان میں اتری۔