بابر اور رضوان کیخلاف پلان تیار کیا ہوا ہے، عمر گل

September 06, 2022

فوٹو: اسکرین گریب

افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے خلاف پلان تیار کیا ہوا ہے۔

شارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر گل کا کہنا تھا کہ افغانستان ٹیم سپر فور میں پہلا میچ نہیں جیت سکی، گروپ میچز میں ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے پُراعتماد ہیں کہ کل کے میچ میں اچھا کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، ان کے خلاف پلان تیار کیا ہوا ہے، دیکھتے ہیں کہ بولرز اس پر کیسے عمل کرتے ہیں؟

افغان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ جو غلطیاں پچھلے میچ میں کیں انہیں نہیں دہرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ایک اچھا میچ ہوگا، شارجہ میں بہت جوش و خروش ہے، شارجہ میں افغانستان ٹیم کے بہت فینز ہیں، امید ہے کہ شائقین کرکٹ اسٹیڈیم آئیں گے۔

عمر گل کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جو میچ ہوا اسے بھلا کر میدان میں اتریں گے، نئے میچ پر فوکس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہونا چاہیے، جب میں کھیلتا تھا تو ڈیتھ اوورز کروانا میرا رول تھا۔

پاکستانی پیسر نسیم شاہ سے متعلق عمر گل کا کہنا تھا کہ نسیم کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں رہا ہوں، ان میں بہتری آئی ہیں، نیک خواہشات نسیم شاہ کے ساتھ ہیں۔

عمر گل نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، دونوں ممالک کے فینز کو کہوں گا کہ اسے میچ ہی لینا چاہیے، ہم دونوں ہمسایہ ممالک ہیں اور ہم مسلمان ممالک ہیں، ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹرز کی طرح پاکستان کے خلاف میچ میں بولرز کے لیے بھی پلان بنایا ہوا ہے۔

عمر گل نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں شاہین آفریدی کی کمی محسوس کی جا رہی ہے، وہ پاکستان کے تجربہ کار بولر ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاہین آفریدی کے علاوہ بھی بولرز باصلاحیت ہیں اور تیز گیندیں کر رہے ہیں تاہم نسیم شاہ، شاہنواز دہانی اور حسنین ابھی نوجوان ہیں ان کو کسی کے متبادل ہونے کا کہنا قبل از وقت ہوگا۔

کیچ ڈراپ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیچ ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، میری بولنگ پر جب کیچ ڈراپ ہوتا تو مجھے غصے نہیں آتا تھا۔

افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم پاکستان ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں، بیٹنگ ان کے ارد گرد گھومتی ہے خواہش ہے کہ وہ رنز کریں فارم میں واپس آنا مشکل نہیں۔

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ بابر اعظم کا رنز نہ کرنا افغانستان ٹیم کے لیے اچھا ہوسکتا ہے۔