میری آواز سن کر اسپتال میں راجو نے آنکھ کھولی تھی، امیتابھ بچن

September 23, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے کامیڈین راجو شری واستو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے راجو شری واستو کے لئے اپنے بلاگ پر تعزیتی پیغام لکھا جس میں انہوں نے آنجہانی اداکار و کامیڈین کے لئے لکھا کہ ایک ساتھی، دوست اور فنکار ہمیں چھوڑ کر چلا گیا۔ ان کا کام ہمارے ساتھ رہے گا جو کہ منفرد اور مزاحیہ تھا۔

اپنے بلاگ میں امیتابھ بچن نے شیئر کیا کہ انہوں نے علاج میں مدد کے لئے راجو شری واستو کے اہل خانہ کو وائس نوٹبھیجا تھا۔

امیتابھ بچن نے بتایا کہ میرے وائس نوٹس راجو شری واستو کو علاج کے دوران سنائے گئے جس پر ایک مرتبہ اس نے اپنی آنکھ تھوڑی سی کھولی تھی۔

امیتابھ بچن کے علاوہ بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں نے بھی راجو شری واستو کی موت پر غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ 10 اگست کو راجو شری واستو کو ہارٹ اٹیک ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ 41 دن زیر علاج رہنے کے بعد 21 ستمبر کو 58 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔