سیلاب نقصان کا تخمینہ مکمل ہونے کے بعد ڈونرز کانفرنس بُلائینگے، بلاول بھٹو

September 25, 2022

اسلام آباد،نیویارک (نامہ نگار خصوصی،خبر ایجنسیاں ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 30 اگست کو اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان ایک سو ساٹھ ملین ڈالر کی فلیش اپیل کو اپ گریڈ اور نقصان کا تخمینہ مکمل ہو جانے کے بعد فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے ڈونرز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے اگلے مرحلے میں متاثرین سیلاب کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے بین الاقوامی برادری سے فراخدلانہ اپیل بھی کی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر رات نیویارک میں وہ اپنی ملاقاتوں کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے لئے موسمیاتی انصاف کا مطالبہ کیا جو صریحاً عالمی حدت اور موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ تیس ارب ڈالر سے زیادہ ہے اور ملک کا ایک تہائی حصہ اب بھی زیرآب ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلابی پانی کے اترنے کے بعد پاکستان بحالی کے منصوبے پر کام کرے گا اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کو بہترانداز میں تعمیر کرے گا تاکہ یہ مستقبل میں قدرتی آفات کا مقابلہ کر سکے۔