سندھ کی جامعات میں ڈی ایف کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہوگی

September 26, 2022

کراچی( سید محمد عسکری) سیکریٹری بورڈز و جامعات مرید راہموں نے کہا ہے کہ سندھ کی جامعات میں ڈائریکٹرز فنانس کی مدت ملامت میں توسیع نہیں ہوگی، ڈائریکٹرز فنانس کی تقرری کے سلسلے میں اشتہار پہلے ہی آچکا ہے، 17جامعات کے ڈائریکٹرز فنانس کے لیے 100کے لگ بھگ درخواستیں موصول ہوئی ہیں کئی امیدواروں نے ایک سے زائد جامعات کیلئے درخواستیں دی ہیں تاہم ہم بہتر اور میرٹ پر انتخاب کیلئے امیدواروں سے تحریری ٹیسٹ لیں گے جو آئی بی اے کراچی لے گا۔ بھرتی کا عمل دو سے تین ہفتوں میں مکمل ہوگا۔ تلاش کمیٹی کی تشکیل ہوچکی ہے جس کا اجلاس چند روز میں بلا کر ٹیسٹ کی تاریخ اور انٹرویوز کا شیڈول طے کرلیا جائے گا۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مرید راہموں نے نئی تلاش کمیٹی کا دفاع کیا اور اسے بہترین کمیٹی قرار دیا اس سوال پر کہ سندھ کی اس تلاش کمیٹی میں نان پی ایچ ڈی کم اور بیوروکریٹ زیادہ ہیں جب کہ کے پی کے، وفاق اور صوبہ پنجاب کی تلاش کمیٹی میں سکریٹری کے علاوہ تمام اراکین پی ایچ ڈی ہیں۔ مرید راحموں نے کہا کہ ’’اس سے فرق نہیں پڑتا، ہر صوبے کا اپنا طریقہ کار ہے اور ہر کوئی باصلاحیت ہے، لیکن اگر آپ مچھلی کو اس کی درخت پر چڑھنے کی صلاحیت سے پرکھتے ہیں، تو وہ پوری زندگی یہ مان کر گزارے گی کہ وہ بیوقوف ہے۔"