افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی کے صاحبزادے پاکستان جونیئر لیگ کا حصہ

October 01, 2022

فوٹو: جنگ

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کے بیٹے حسن عیسٰی خیل پاکستان جونئیر لیگ (پی جے ایل) کا حصہ ہیں۔

پاکستان جونئیر لیگ 6 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو رہی ہے، جس میں شرکت کے لیے آنے والے حسن عیسٰی خیل راولپنڈی ریڈرز کا حصہ ہیں۔

وہ گزشتہ روز لاہور پہنچے اور انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ کا آغاز کردیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں حسن عیسٰی خیل نے بتایا کہ جب میں نے پاکستان جونئیر لیگ کا سنا کہ پاکستان میں یہ پہلی مرتبہ اس سطح پر لیگ ہو رہی ہے، تو میں نے اپنے والد سے اس کا ذکر کیا اور انہوں نے میرا نام ڈرافٹ میں ڈلوایا اور میں اب راولپنڈی ریڈرز کا حصہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے علاوہ بھی افغانستان کے کھلاڑی پی جے ایل میں حصہ لے رہے ہیں، میں پی جے ایل کا حصہ بننے پر پُرجوش ہوں، یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے، ہمیں آگے آنے کا موقع ملے گا اور دیگر لیگز میں بھی کھیلنے کا موقع ملے گا۔

حسن عیسٰی خیل نے یہ بھی کہا کہ جب مجھے پتہ چلا کہ اس لیگ سے پیسے بھی ملیں گے تو میں نے تبھی سوچ لیا تھا کہ میں نے ان پیسوں کو اپنے لیے کرکٹ کے سامان پر خرچ کرنے ہیں جبکہ ون ٹو ون کوچنگ سیشن بھی لینے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بیٹر ہوں، اننگز اوپن کرتا ہوں اور زیادہ تر میرا فوکس بیٹنگ پر ہی ہوتا ہے، لیکن میں لیگ اسپن بولنگ میں بھی بڑی محنت کرتا ہوں۔

حسن عیسٰی خیل نے کہا کہ میں نے پہلے تو افغانستان میں کرکٹ کھیلی، سب کچھ وہاں ہی سیکھا لیکن اب میں دبئی اور شارجہ میں کرکٹ ٹریننگ کر رہا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ میرے والد ہی میرے ہیرو اور مینٹور ہیں، میں نے سب کچھ اپنے والد سے سیکھا ہے، وہ مجھے غلطیاں بتاتے ہیں، وہ مجھے کھیلتا ہوئے دیکھتے ہیں اور پھر بتاتے ہیں کہ مجھے کیا کیا کرنا ہے۔

حسن عیسٰی خیل نے کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم میں کئی ایک اچھے لیگ اسپنرز ہیں، میں ان سے سیکھتا رہتا ہوں، راشد خان سے میں نے بہت ٹپس لی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں محنت کروں گا اچھے کھیلنے کی کوشش کروں گا، میری ضرورت ہوئی تو افغانستان کی ٹیم کی مجھے منتخب کر لے گی۔

حسن عیسٰی خیل نے کہا کہ پی جے ایل کے لیے لاہور آنا اچھا لگ رہا ہے ہمارے لیے یہ لیگ اچھی ثابت ہوگی۔