امریکی صحافی کی کتاب شائع، ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق نئے انکشافات

October 04, 2022

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر لکھی امریکی صحافی میگی ہیبرمین کی کتاب شائع ہوگئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کتاب ’کانفیڈینس مین‘ میں ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

کتاب کے اقتباس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنی بیٹی ایوانکا اور داماد جیرڈ کشنر کو برطرف کرنا چاہتے تھے، ٹرمپ اکثر اپنے داماد کے بارے میں تحقیر آمیز لہجے میں بات بھی کرتے تھے۔

کتاب کے اقتاباس کے مطابق سال 2017ء میں کی گئی کشنر کی تقریر سُن کر ٹرمپ نے تبصرہ کیا کہ وہ بچہ لگتا ہے۔

امریکی صحافی کی کتاب کےاقتاباس کے مطابق ٹرمپ نے میکسیکو میں منشیات بنانے والی لیبارٹریوں پر بمباری کا سوچا تھا، ٹرمپ کی اس تجویز نے سابق امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کو حیران کردیا تھا۔

کتاب میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کووڈ 19 سے مرنے سے خوفزدہ تھے، ٹرمپ نے نیویارک کے گورنر کو مشورہ دیا تھا کہ ٹی وی پر وائرس پر بات نہ کریں۔

کتاب میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں اپنی جائیداد کا ذکر کیا تھا اور انہوں نے نیویارک سٹی کے سابق میئر جولیانی سے کہا وہ 2020 کے انتخابی نتائج بدلنے کیلیے کچھ بھی کریں۔

کتاب کے اقتباس کے مطابق ٹرمپ نے ٹیکس نہ دینے کا عذر بنایا، ٹرمپ اپنے ٹیکس گوشوارے جاری کرنے سے انکاری تھے۔ ٹرمپ نےسرکاری دستاویزات وائٹ ہاؤس کے ٹوائلٹ میں بھی بہائیں۔