• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران میں مظاہروں سے متعلق امریکی صدر کا بیان سامنے آگیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر جوزف بائیڈن نے ایران میں جاری مظاہروں سے متعلق کہا ہے کہ امریکا ایرانی خواتین کے ساتھ کھڑا ہے۔

پیر کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے امریکی صدر کا بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق جو بائیڈن نے کہا کہ ایران میں مظاہروں میں شامل خواتین اور طلباء کے خلاف کریک ڈاؤن کی اطلاعات پر فکر مند ہوں۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایرانی حکام کو ذمہ دار ٹھہراتے رہیں گے اور لوگوں کے آزادانہ احتجاج کے حق کی حمایت کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل پیر کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے مہسا امینی کی ہلاکت پر ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں کا ذمہ دار اسرائیل اور امریکا کو قرار دیا تھا۔

پیر کو اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران مخالف ایجنٹ پیسے لے کر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی پولیس کی زیر حراست مہسا امینی دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبر کو انتقال کر گئی تھی، 22 سالہ مہسا امینی کو تہران میں اسکارف نہ پہننے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید