جس نے ہٹلر کی طرز پر حلف لیا اسے کیا کہیں گے؟ مصدق ملک

October 05, 2022

فوٹو فائل

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصنوعات مصدق ملک نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کارکنوں سے حلف لینے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حلف تو خدا کو حاضر ناظر جان کر لیا جاتا ہے، کل جو حلف لیا گیا وہ کس کے نام پر لیا گیا؟

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کل جس طرح عمران خان نے حلف لیا، وہ تو ہٹلر کی طرز پر لیا گیا حلف تھا، جس نے ہٹلر کی طرز پر حلف لیا، اسے کیا کہیں گے؟ صادق اور امین کہیں گے؟

مصدق ملک نے کہا کہ حق و سچ سامنے آکر رہتا ہے اور وہ آرہا ہے، یہ شخص پورے ملک کی خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگا رہا ہے، یہ کبھی امریکی سازش کہتا ہے اور کبھی امریکا سے لابسٹ حاصل کرتا ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ عدالت بارہا نیب سے ثبوت پیش کرنے کا کہتی رہی، مریم نواز کے کیس کا فیصلہ آ گیا ہے، عدالت کے بار بار پوچھنے پر بھی نیب پراسیکیوٹر کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔

مصدق ملک نے کہا کہ اللّٰہ کی لاٹھی کی آواز کی گونج ہر جگہ سنائی دے رہی ہے۔