احتساب عدالت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف کیس واپس نیب کو بھجوا دیا

October 07, 2022

لاہور(آئی ا ین پی ) احتساب عدالت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کیخلاف کیس واپس نیب کو بھجوا دیا اور کہا نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس احتساب عدالت دائرہ اختیار میں نہیں۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت کے روبرو سپیکر پنجاب اسمبلی اور دیگر کے وکلا ءکی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل دئیے گئے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی جانب سے بیرسٹر حیدر رسول اور سابق سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز امتیاز چیمہ کی جانب سے عدنان شجاع بٹ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈینس 2022 کے تحت احتساب عدالت کو ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں،اس کیس کی انکوائری پہلے بند ہوئی پھر دوبارہ انکوائری شروع کی اور ریفرنس بنایا۔ وکیل نے کہا کہ ریفرنس دار کرتے وقت قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گے، عدالت کیس کی سماعت ختم کر کے کیس واپس ارسال کرے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر عدالتی دائرہ اختیار پر دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سبطین خان کیخلاف کیس واپس نیب کو بھجواتے ہوئے کہا نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس احتساب عدالت دائرہ اختیارمیں نہیں۔