انسداد ڈینگی اقدامات سے متعلق حمزہ شہباز کی پنجاب حکومت پر تنقید

November 11, 2022

فائل فوٹو

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نےڈینگی کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میںرواں برس 16ہزار سے زائد ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے۔

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 25 سے زائد افراد ڈینگی بخار سے جان کی بازی ہار چکے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں کھڑے پانی سے ڈینگی کی ہلاکت خیزی بڑھنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی عدم توجہی سے عوام کی جان خطرات سے دوچار ہے، ڈینگی کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونا مجرمانہ غفلت ہے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت عمران نیازی کی چاکری میں مشغول ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے صوبے کے راستے بند کروانے میں مصروف ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں انسداد ڈینگی مہم بیانات اور ٹی وی اسکرینوں تک محدود ہیں، حکومت کیسز پر قابو پانے کے لیے وسائل کا استعمال نہیں کر رہی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی بےقابو ہوچکاہے، تحریک انصاف کی حکومتیں عمران خان کی سیاست بچانے میں لگی ہیں۔