مسافر کا گمشدہ فون لینے کیلئے پائلٹ نے کاک پٹ کی کھڑکی کھول دی

November 17, 2022

امریکا کی ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کے پائلٹ نے مسافر کا گمشدہ فون لینے کے لیے کاک پٹ کی کھڑکی کھول دی۔

سوشل میڈیا پر پائلٹ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ طیارہ اڑانے سے قبل ایئرپورٹ عملے سے مسافر کا گمشدہ فون لے رہا ہے۔

کیلیفورنیا کے ایئرپورٹ پر ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کا مسافر بردار طیارہ بورڈنگ مکمل کرچکا تھا، عملے نے پائلٹ کو اشارہ کیا کہ مسافر کا فون ایئرپورٹ پر ہی رہ گیا۔


عملے کو اشارے کرتا دیکھ کر پائلٹ نے بلا تاخیر کاک پٹ کی کھڑکی کھولی اور ہاتھ بڑھا کر فون وصول کرلیا جو بعد ازاں اس کے اصل مالک کو دے دیا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین پائلٹ اور ایئرپورٹ عملے کو داد دے رہے ہیں کہ انہوں نے فون ملتے ہی جہاز تک پہنچایا، پائلٹ نے مسافروں والا دروازہ کھولنے کے بجائے کاک پٹ کی کھڑکی کھول دی۔