برازیل، خاتون قرض کیلئے اپنے چچا کی لاش وہیل چیئر پر بینک لے آئی

April 18, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

برازیل میں مبینہ طور پر ایکبےحس خاتون کی حرکت نے سب کو حیران ہونے کے ساتھ ساتھ افسوس کرنے پر بھی مجبور کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں خاتون قرض کیلئے اپنے چچا کی لاش کو وہیل چیئر پر رکھ کر بینک لے آئی۔

رپورٹس کے مطابق بے حس اور لالچی خاتون بینک سے 17 ہزار برازیلین ریال قرض لینے کے لیے اپنے چچا کی لاش وہیل چیئر پر رکھ کر بینک پہنچی تھی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 17 ہزار برازیلین ریال کی مالیت 3215 امریکی ڈالر کے لگ بھگ بنتی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق خاتون بینک ملازمین کے سامنے مردہ شخص کا سر اٹھا رہی تھی جس سے بینک ملازمین کو کچھ عجیب محسوس ہوا جس پر ایک ملازم نے کہا مجھے نہیں لگ رہا کہ یہ قانونی کام ہو رہا ہے اور یہ ٹھیک نہیں لگ رہا، یہ تو بہت پیلے ہو رہے ہیں۔

بینک میں موجود ملزمہ خاتون نے جواب دیا کہ یہ ایسے ہی ہیں جس کے بعد خاتون نے لاش کی طرف دیکھ کر کہا کہ اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو میں آپ کو اسپتال لے جاتی ہوں، آپ دوبارہ اسپتال جانا چاہتے ہیں؟

غیرملکی میڈیا کے مطابق بینک میں خاتون چچا کی لاش سے دستخط کروانے کی کوشش بھی کرتی رہی۔ اس دوران ملازمین نے فوری طور پر ایمبولینس اور پولیس کو بینک بلا لیا جہاں تصدیق کی گئی کہ 68 سالہ شخص کی موت بینک لے جانے سے چند گھنٹے قبل ہوگئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا جس نے پولیس کو بتایا کہ وہ مردہ شخص کی بھتیجی ہے اور اس کی دیکھ بھال کرتی تھی۔

مقامی پولیس کے مطابق اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ اس میں دیگر افراد ملوث ہیں یا نہیں۔

اس تمام کارروائی کی ویڈیو ملازمین نے بنائی جو بعدازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔