فردوس شمیم کا بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلے پراظہارِ مایوسی

November 18, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنمافردوس شمیم نقوی نے سندھ ہائیکورٹ کے بلدیاتی الیکشن سے متعلق فیصلے پر مایوسی کا اظہار کردیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفردوس شمیم نقوی نے کہا کہ میں آج کے فیصلے سے مایوس ہوں، جمہوریت کے ساتھ صوبۂ سندھ میں مذاق کیا جارہا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ اختیارات کے لیے جارہے ہیں، چیف جسٹس کے فیصلے کے مشکور ہیں لیکن ضرورت کیا تھی جو ابھی بھی وقت چاہیے۔

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ 2 ہفتوں میں الیکشن کرانے کی تاریخ دیتے تو بہتر ہوتا، ایسے شفاف الیکشن نہیں ہوگا، بیلٹ پیپر دوبارہ چھپنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے 22 تاریخ کو جو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا وہ آج کے فیصلے کی کمی کو پورا کرے گا۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ صوبے میں ایم کیو ایم کو بھی اپنے ساتھ لگا لیا ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سالڈ ویسٹ اور واٹر بورڈ کا چیئرمین میئر ہوگا۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔