پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ بندی کیلئے امریکا سے رجوع کیا۔
اپنے ایک بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرتا رہا، ہم امن چاہتے ہیں، ہم امن کے داعی ہیں لیکن اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ ملک کو ایٹمی طاقت شہید ذوالفقار بھٹو نے بنایا، پیپلز پارٹی کی قیادت نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کا ہی کارنامہ ہے، ہماری مسلح افواج نے بھرپور طریقے سے ملک کا دفاع کیا، ہماری فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
نیئر بخاری نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم متحد ہو کر اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔