بھارت نے ایشیا کپ میں نہ آکر شروعات کی تو پاکستان کو جواب دینا ہوگا، رمیزراجہ

December 02, 2022

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان آنے کیلئے کامن سینس کی ضرورت ہے، کرکٹ شائقین بھارت اور پاکستان کا مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں، پاک بھارت معاملے پر آئی سی سی سے مایوسی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایشیا کپ میں نہ آنے سے شروعات کی تو پاکستان کو جواب دینا ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کا دورہ نہ کرنا سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں، ورلڈکپ 2023 نہ کھیلنے کا فیصلہ کرنے میں وقت ہے، سمجھ سکتا ہوں کہ بھارتی حکومت ٹیم کو پاکستان نہیں آنے دے گی۔

رمیز راجہ نے کہا کہ بھارت کے پاکستان نہ آنے پر پاکستان سے ایشیا کپ کی میزبانی لینا غلط ہوگا، آئی سی سی اور بڑے کرکٹ بورڈز کو پاک، بھارت کرکٹ کے معاملے پر سامنے آنا چاہیے۔

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان بھارت کے بغیر 15 سال سے کرکٹ کھیل رہا اور اچھا کھیل رہا ہے، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو کہا کہ کسی سے نہ ڈریں، خود پر بھروسہ رکھیں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو سوچنا پڑے گا کہ آپس میں کھیلنا ہے یا نہیں، پاکستان بھارت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے، بھارت کو سیاست کی مداخلت سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان نے ورلڈکپ 2023 میں بھارت جانے سے روکا تو میں کچھ نہیں کر سکتا، بھارت نے ایشیا کپ میں نہ آنے سے شروعات کی تو پاکستان کو جواب دینا ہوگا۔