خصوصی افراد سے ہمدردی نہیں،حوصلہ افزائی کی جائے، سبطین خان

December 04, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو ہمدردی نہیں بلکہ عزت و احترام اور اخلاقی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ انہیں زندگی کی دوڑ میں شامل کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔ خصوصی افراد میں کسی بھی عام فرد سے زیادہ صلاحیتیں پوشیدہ ہیں۔پنجاب حکومت سپیشل نفوس کی تعلیم و تربیت، ترقی، ہنرمندی اور روزگار کے حوالے سے ہنگامی و ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کی زیر صدارت خصوصی بچوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی اور آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ آگاہی واک کی قیادت سپیکر محمد سبطین خان اور ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا نے کی جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، سائرہ رضا ، فوزیہ عباس سید عامر محمود جعفری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔