نیویارک اور سنگاپور دنیا کے مہنگے، کراچی سستے شہروں میں شامل

December 05, 2022

لندن( نیوز ڈیسک)اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی جانب سے 2022 کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔2022 کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی اس فہرست میں 172 شہروں کو شامل کیا گیا اور وہاں سے سیکڑوں اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اگست اور ستمبر کے دوران جمع کیا گیا اور پھر ان کا موازنہ امریکی ڈالر سے کیا گیا۔دنیا بھر میں سب سے زیادہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ (اوسطاً 22 فیصد) ہوا جب کہ بجلی، خوراک اور بنیادی اشیا بھی مہنگی ہوئیں۔تمام تر عوامل کو مدنظر رکھ کر نیویارک اور سنگاپور کو مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں سرفہرست قرار دیا گیا۔یہ پہلی بار ہے جب نیویارک دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار پایا ہے جو گزشتہ سال کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا۔اسی طرح 2021 کا مہنگا ترین شہر تل ابیب اب تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ہانگ کانگ اور لاس اینجلس مشترکہ طور پر چوتھے مہنگے ترین شہر قرار پائے جب کہ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ اور جنیوا بالترتیب چھٹے اور 7 ویں نمبر پر رہے۔امریکی شہر سان فرانسسکو 8 ویں، پیرس 9 ویں جب کہ کوپن ہیگن اور سڈنی مشترکہ طور پر 10 ویں مہنگے ترین شہر قرار دیئے گئے،جہاں تک دنیا کے سستے ترین شہروں کی بات ہے تو مسلسل تیسرے سال یہ اعزاز شام کے دارالحکومت دمشق کے نام رہا،لیبیا کا دارالحکومت تریپولی دوسرے، ایرانی دارالحکومت تہران تیسرے، تیونس کا صدر مقام تیونس چوتھے، ازبکستان کا شہر تاشقند 5 ویں جب کہ کراچی چھٹا سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایشیائی شہروں پر مہنگائی کے اثرات اس طرح مرتب نہیں ہوئے جیسے دیگر خطوں میں نظر آئے۔ایشیائی شہروں میں طرز زندگی کے اخراجات میں اوسطاً 4.5 فیصد اضافہ ہوا۔