ملالہ فنڈ کے نام پرلوگوں سے رقم بٹورنے کا انکشاف

December 06, 2022

سوات(نمائندہ جنگ)ملالہ فنڈ کے نام پر سادہ لوح لوگوں سے رقم بٹورنے والی غیر سرکاری تنظیم کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق غیرسرکاری تنظیم کی جانب سے سوات میں کچھ لوگوں سے پاسپورٹ اور بھاری رقوم ا کھٹے کرکے انہیں ملالہ فنڈ کے پروگرام کے تحت امریکا، کینیڈا، یوکے، جرمنی اور جاپان بھجوانے کا جھانسہ دیا جارہا ہے اور انہیں مستقل ویزہ اور روزگار دلانے کے سہانے خواب سنائے جارہے ہیں ۔ ملالہ کے والد اور ملالہ فنڈکے بانی ضیاء الدین یوسف زئی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ملالہ فنڈ کی طرف سے ایسا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ جو تنظیم اور اس کے کارندے اس مجرمانہ فعل اور دھوکہ دہی میں مصروف ہیں ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے اوریہ سراسر فراڈ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ایسی کسی تنظیم اور دھوکے باز لوگوں سے ہوشیار ہے اوران کے خلاف پولیس میں رپورٹ کی جائے۔