روانڈا کی پاکستانی کمیونٹی کو ہراساں کرنے کا معاملہ، چیئرمین سینیٹ کمیٹی ایف آئی اے پر برہم

December 15, 2022

روانڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایف آئی اے کی ہراسگی کے معاملے پرسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چئیرمین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ روانڈا میں پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ انہیں ویزا آن آرائیول کی سہولت ہے لیکن جب روانڈا سے پاکستان واپس آتے ہیں تو ایف آئی اے والے تنگ کرتے ہیں۔

چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے کا اس طرح کا رویہ قابل افسوس ہے، فاروق ایچ نائیک نے روانڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر کی تحریری شکایت ایف آئی اے حکام اور وزارت خارجہ کو دے دی۔

چیئرمین خارجہ کمیٹی نے ایف آئی اے اور وزارت خارجہ سے آئندہ اجلاس میں تحریری جواب طلب کرلیا۔

چیئرمین نے کابل میں پاکستانی سفیر پر حالیہ قاتلانہ حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی افغانستان کی ترجمانی نہیں کی، پاکستان نے کی ہے لیکن افغانستان پاکستان کے خلاف ہی بندوق اٹھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی خواہشات کے برعکس پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ افغانستان اس کے باوجود پاکستان کو کسی خاطر میں نہیں لاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کی اشد ضرورت ہے۔